مقبول خبریں
بی جے پی نے جموں و کشمیر کو معاشی اندھیروں میں دھکیل دیا
جموں: بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ بی جے پی نے کشمیر کو اقتصادی، معاشی بدحالی کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ گزشتہ 10سال کے دوران جموں وکشمیر کے عوام نے سخت ترین مصائب اور مشکلات کا سامنا کیا ہے، 5 اگست2019 کے فیصلے نہ صرف کشمیر بلکہ جموں کے عوام کیلئے بھی بہت زیادہ نقصان دہ ثابت ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں:مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مزید3 کشمیریوں کو شہید کر دیا
انہوں نے جموں میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے جموں و کشمیر کو اقتصادی اور معاشی بدحالی کے اندھیروں میں دھکیلنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی، بی جے پی نے انتخابات سے عین قبل مذہب کے نام پر گندی سیاست شروع کی اور وہ جموں کے عوام کو بہت حد تک گمراہ کرنے میں کامیاب رہی۔
فاروق عبداللہ کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے بنیادی اور اہم نوعیت کے مسائل و مشکلات کا سدباب کرنا نومنتخب حکومت کی اولین ترجیح ہے لیکن یہاں کے لوگوں کے درمیان جو دوریاں بڑھانے کی مذموم کوششیں کی گئی ہیں ان کو ناکام بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔