مقبول خبریں
غزہ اور لبنان میں اسرائیل کے فضائی حملے، 200 سے زائد افراد شہید
قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے حالیہ فضائی حملوں کے نتیجے میں 140 سے زائد فلسطینی اور 77 لبنانی شہری شہید ہوگئے۔
الجزیرہ نے طبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ منگل کے روز غزہ میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 143 فلسطینی شہید ہوئے جن میں سے 132 کا تعلق شمالی غزہ سے ہے۔
اسرائیل کے ایک فضائی حملے میں شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیہ میں بے گھر خاندانوں کو پناہ دینے والی پانچ منزلہ رہائشی عمارت تباہ ہو گئی جس کے نتیجے میں 93 افراد شہید اور بچوں سمیت درجنوں زخمی ہو گئے۔
امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے ایک پانچ منزلہ رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، ان ویڈیوز میں فرش پر کمبل سے ڈھکی لاشیں دکھائی دے رہی ہیں۔
قابض اسرائیلی فوج کے مطابق وہ ان اطلاعات سے آگاہ ہے کہ بیت لاہیہ کے علاقے میں عام شہریوں کو نقصان پہنچا جب کہ واقعے کی تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
اسرائیل کا اقوام متحدہ کی ایجنسی پر پابندی لگانے کا فیصلہ
حزب اللہ سے جنگ؛ 90 اسرائیلی فوجی جہنم واصل! نقصانات نے ہوش اڑادیے
اس کے علاوہ لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ منگل کے روز ملک بھر میں ہونے والے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 77 افراد شہید ہوئے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔
اسرائیل کی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) گزشتہ دو ہفتوں کے دوران شمالی غزہ میں خاص طور پر جبالیہ، بیت لاہیہ اور بیت حنون کے علاقوں میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔
ادھر شمالی غزہ میں چار اور جنوبی لبنان میں ایک اسرائیلی فوجی جہنم واصل ہوچکا جس کے بعد گزشتہ سال اکتوبر سے اب تک ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی مجموعی تعداد 777 ہو گئی۔