مقبول خبریں
پیٹرول اور ڈیزل مزید سستا ہونے کا امکان
پاکستان میں یکم نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں گزشتہ پندرہ روز کے دوران بالترتیب 1.5 ڈالر اور 2.5 ڈالر فی بیرل کی کمی ہوئی ہے۔
موجودہ شرح تبادلہ اور موجودہ ٹیکس کی شرحوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو پیٹرول اور ایچ ایس ڈی کی قیمتوں میں 3 روپے اور 2.30 روپے فی لیٹر کمی کرکے ریلیف دیا جا سکتا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت 77.5 ڈالر فی بیرل سے گھٹ کر 76 ڈالر فی بیرل رہ گئی جب کہ اسی طرح ایچ ایس ڈی کی قیمت ڈھائی ڈالر کی کمی کے بعد 84 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
تاہم پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر درآمدی پریمیم بالترتیب 8.7 ڈالر اور 5 ڈالر فی بیرل پر برقرار رہا۔
اس سے قبل 15 اکتوبر کو ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ ہوا تھا اور رواں ماہ کے اختتام تک پیٹرول کی قیمت 247.03 روپے پر برقرار رہی تھی۔ گزشتہ تین ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ پہلا اضافہ تھا۔
حکومت پیٹرول اور ایچ ایس ڈی دونوں پر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) 60 روپے فی لیٹر اور کسٹم ڈیوٹی 16 روپے فی لیٹر وصول کر رہی ہے۔
اس کے علاوہ تقریبا 17 روپے فی لیٹر ڈسٹری بیوشن اور سیل مارجن آئل کمپنیوں اور ان کے ڈیلرز کو دیا جا رہا ہے۔