مقبول خبریں
پاکستان نے آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر فنڈنگ کی باضابطہ درخواست کردی
پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو ایک ارب ڈالر فنڈنگ کیلئے باضابطہ درخواست کردی۔
مغربی خبرایجنسی کو انٹرویو میں وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی ایم ایف کو ایک ارب ڈالر فنڈنگ کی باضابطہ درخواست کردی ہے۔
واشنگٹن میں وزیر خزانہ کی مختلف مالیاتی اداروں اور ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکا میں سٹی بینک، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ اور جے پی مورگن کے سرمایہ کار فورمز میں شرکت کی اور گزشتہ مالی سال کے دوران معیشت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
محمد اورنگزیب نے ٹیکس، توانائی، نجکاری اور حکومتی حجم میں کمی سے متعلق اہم اصلاحات پر روشنی ڈالی اور خود مختار دولت فنڈ سمیت خصوصی اقتصادی زونز پر سرمایہ کاروں کو بریفنگ دی۔
یو ایس پاکستان بزنس کونسل کی قیادت اور اراکین کے ساتھ ظہرانے میں ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 80 سے زائد امریکی کمپنیوں کی موجودگی 240 ملین کی مضبوط مارکیٹ میں منافع بخش مواقع کی گواہ ہے۔
امریکی کمپنیوں کو حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے آگاہ کیا گیا، وزیر خزانہ نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے فراہم کردہ ون ونڈو سہولت سے فائدہ اٹھانے کی دعوت کی۔
محمد اورنگزیب نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر، مشرق بینک، جے پی مورگن بینک کے نمائندوں اور برطانیہ کی وزیر برائے ترقی، خواتین اور مساوات اینالیز ڈوڈز سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ واشنگٹن میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کیلئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب وفد کے ہمراہ امریکا میں موجود ہیں۔