منگل، 15-اکتوبر،2024
منگل 1446/04/12هـ (15-10-2024م)

مقبول خبریں

مرحوم عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ شوہر کو انصاف دلانے کیلئے ‘وکیل’ بن گئیں

27 ستمبر, 2024 19:57

معروف ٹی وی اینکر اور سابق رکن قومی اسمبلی مرحوم عامر لیاقت حسین کی پہلی و سابقہ اہلیہ سیدہ بشریٰ اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ‘نازیبا ویڈیو لیک کیس’ میں اپنے مرحوم سابق شوہر کو انصاف دلانے کیلئے وہ خود بطور وکیل مقدمہ لڑ رہی ہیں۔

انسٹاگرام پر جاری پوسٹ میں ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے لکھا کہ ‘السلام علیکم اور جمعہ کریم کی برکتوں سے آپ سب فیضیاب ہوں، کل 26 ستمبر کو جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ کی عدالت نے مرحوم عامر لیاقت کے کیس میں نامزد ملزمان دانیہ ملک اور یاسر شامی کی طرف سے دائر کی گئی درخواست اے 249 پر فریقین کے وکیلوں کے دلائل سنے۔

انہوں نے بتایا کہ ‘عدالت نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے 10 اکتوبر کو سنانے کی تاریخ دی ہے۔

امید ہے درخواست مسترد ہوگی اور اس کیس کا باقاعدہ ٹرائل چلایا جائے گا تاکہ ملزمان پر لگائے گئے الزامات کو ثبوتوں اور گواہوں کی روشنی میں ثابت کیا جاسکے اور مرحوم عامر لیاقت کو انصاف ملے، ملزم سے مجرم کہلانے کا یہ سفر جلد اپنے انجام کو پہنچے، آمین’۔

ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے لکھا کہ ‘کسی کی عزت کو پامال کرکے اپنی خواہشات کے محل تعمیر کرنے والوں کی پکڑ ضرور ہونی چاہیے، پیسہ ہی سب کچھ نہیں ہے، پیسہ عزت کے ساتھ کمایا جائے اور تعلق اور رشتوں کو پامال نہ کرے تو وہ پیسہ کبھی وبال نہیں بنتا’۔

پوسٹ کے اختتام میں ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے لکھا کہ ‘آپ سب کی دعائیں میرا حوصلہ اور ہمت بڑھاتی ہیں، مجھے اور بچوں کو ہمیشہ اپنی خاص دعاؤں میں یاد رکھیں، میں اکیلے ہی اس کیس کو وکیل کی حیثیت سے لڑ رہی ہوں اُس ذات پر توکل کرتے ہوئے کہ جس کی صفت وکیل ہے، جو سب سے بڑا نگہبان ہے’۔

واضح رہے کہ عامر لیاقت حسین شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے کیونکہ آخری اہلیہ دانیہ شاہ کے ساتھ نامناسب ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں، بعدازاں جون 2022 میں اپنی رہائش گاہ پر بیہوش پائے گئے تھے، جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا تھا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Dr Bushra Iqbal (@syedabushraiqbal)

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top