اتوار، 13-اکتوبر،2024
اتوار 1446/04/10هـ (13-10-2024م)

وزیر اعظم پاکستان کا اسرائیل پر پابندیاں لگانے کا مطالبہ

26 ستمبر, 2024 09:44

نیو یارک:وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اسرائیل کے قتل عام پر پابندیاں لگانے کا مطالبہ کر دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے زور دیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے قتل عام پر اسلحہ اور تجارتی پابندی سمیت اس پر پابندیاں عائد کرے۔

وزیر اعظم نے یہ مطالبہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر سلامتی کونسل میں "امن کے لئے قیادت” کے موضوع پر اعلی سطحی کھلی بحث کے دوران ایک بیان دیتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اسرائیل کو مجبور کرنا چاہیے کہ وہ غزہ میں نسل کشی کی جنگ بند کرے اور مشرق وسطیٰ میں وسیع تر تنازع کو بھڑکانے کی اس کی کوششوں کو روکے۔

مزید پڑھیں:اسرائیلی طیاروں کی لبنان پر بمباری، مزید 72 شہری شہید

لبنان پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اس کی قیادت کو فلسطینیوں اور لبنانی عوام کے خلاف جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔

شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی اور یوکرین میں جنگ کے پرامن حل کے لیے غیر جانبدارانہ منصوبہ تیار کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ، یورپ اور دیگر جگہوں پر بڑھتی ہوئی جنگیں، بڑی طاقتوں کی کشیدگی اور بڑھتی ہوئی غربت عالمی نظام کی بنیادوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ گزشتہ اتوار کو ہم نے مستقبل کے لئے معاہدے کی منظوری دی۔ ہمیں اپنے وعدوں کو زندہ کرنا ہوگا ورنہ مستقبل تاریک اور خطرناک ہو جائے گا۔

مسئلہ کشمیر کے بارے میں وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جموں و کشمیر کے تنازعہ کو مزید نظر انداز نہیں کر سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لئے ایک بہت بڑا خطرہ ہے۔ کونسل کو کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کو روکنے اور اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کرنا چاہئے جو وادی کشمیر میں استصواب رائے کا مطالبہ کرتی ہیں۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top