مقبول خبریں
قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کا وقت تبدیل، وجہ بھی سامنے آگئی
قومی اسمبلی کے آج ہونے والا انتہائی اہم اجلاس کا وقت تبدیلی کردیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس ساڑھے 11 بجے شیڈول تھا جس سے قبل وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی ہونا تھا تاہم پہلے کابینہ اجلاس تین بجے تک موخر کیا پھر قومی اسمبلی اجلاس کا وقت بھی تبدیل کر کے 4 بجے کر دیا گیا۔
اسمبلی اجلاس کا وقت خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی درخواست پر تبدیل کیا گیا، کمیٹی نے صبح 10 بجے کی میٹنگ کے بعد اسپیکر سےکہا اہم امور پر فیصلوں کیلئے وقت درکار ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کمیٹی کی درخواست پر آج کے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کے وقت کی تبدیلی کا نوٹس جاری کردیا۔
وفاقی کابینہ تین بجے پارلیمنٹ میں خصوصی اجلاس کے ذریعے مجوزہ آئینی ترامیم کی منظوری دے گی، سینیٹ کا اجلاس بھی چار بجے بلایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان اجلاسوں کے شیڈول کرنے کی بڑی وجہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے حمایت کیلئے حکومتی درخواست پر مجلس شوریٰ سے مشاورت کو قرار دیا گیا ہے۔
گذشتہ رات مولانا فضل الرحمان سے پہلے اعظم نذیر تارڑ کی قیادت میں حکومتی وفد نے ملاقات کی اور پھر رات گئے بلاول بھٹو زرداری بھی مولانا فضل الرحمان کے پاس گئے۔
حکومت کی جانب سے نمبرز گیم پورا ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے، مولانا فضل الرحمان کی جانب سے رضامندی ظاہر ہونے کے بعد حکومت آج ہی آئینی ترامیم پیش کرے گی۔