اتوار، 13-اکتوبر،2024
اتوار 1446/04/10هـ (13-10-2024م)

مقبول خبریں

پاکستان کو بھارتی منصوبہ اپنانے کا مشورہ

15 ستمبر, 2024 10:58

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کو بھارتی حکومت کی تعلیمی اسکیم اپنائے کا مشورہ دیا ہے۔

اے ڈی بی نے یہ سفارش پاکستان کی جانب سے ناکارہ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے اور اسکول نہ جانے والے تمام بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کے لیے مالی امداد کی درخواست کے جواب میں کی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے سفارش کی ہے کہ پاکستان بھارتی حکومت کی تعلیم کے لیے نئی مرکزی اسپانسرڈ اسکیم جیسے بین الاقوامی بہترین طریقوں پر مبنی اسٹریٹجک اور کثیر اسٹیک ہولڈر مشاورتی نقطہ نظر اپنائے۔

آئین کے تحت تعلیم صوبائی موضوع ہے تاہم 18ویں ترمیم کے بعد ملک بھر میں نصاب کو معیاری بنانے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

اے ڈی بی صدر ماساتسوگو اساکاوا کے دورہ پاکستان سے چند روز قبل یہ سفارشات سامنے آئی ہیں، ماساتسوگو اساکاوا پیر کو پاکستانی اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کریں گے۔

پلاننگ کمیشن کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ پاکستان کا تعلیمی نظام ناکارہ ہو چکا اور اسلام آباد کے علاوہ تمام 134 اضلاع سیکھنے کے نتائج سے لیکر پبلک فنانسنگ تک کے اشاریوں میں پیچھے ہے۔

رپورٹ میں پاکستان میں انسانی وسائل کے بحران کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں لوگ بغیر تعلیم یا کم تعلیم کے روزگار کی منڈیوں میں داخل ہو رہے ہیں۔

پاکستان کے 134 اضلاع میں سے کسی کو بھی تعلیم کے شعبے میں اعلی کارکردگی کی درجہ بندی نہیں مل سکی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن پرفارمنس انڈیکس رپورٹ کے مطابق 134 اضلاع میں سے 133 درمیانے سے نچلے درجے کے زمرے میں آتے ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے نیشنل ایجوکیشن ٹاسک فورس میں شامل اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تکنیکی حکمت عملی تیار کرنے اور تجویز کرنے کے لئے ماہرین کو شامل کرنے کے لئے چھوٹے پیمانے پر تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی ٹاسک فورس اس تزویراتی نقطہ نظر پر تبادلہ خیال اور اتفاق رائے تک پہنچنے کے لیے سب سے مناسب فورم ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے لیکن پھر بھی ملک کے ٹوٹے ہوئے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لئے مزید مربوط کوششوں کی ضرورت ہے جو ڈیجیٹل دور کی ضروریات کو پورا کرنے والے معیاری گریجویٹ تیار نہیں کر رہے ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے وزیر اعظم کی ایجوکیشن ایمرجنسی ہدایات اور نیشنل ایجوکیشن ایمرجنسی فریم ورک تشکیل دینے کی خواہش کی بھی حمایت کی ہے۔

اے ڈی بی نے بتایا کہ وہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں اسکول فوڈ پروگراموں کے ذریعے پسماندہ صوبوں کے بچوں کے لئے تعلیمی رسائی کو بڑھانے کے لئے جاپان فنڈز ان ٹرسٹ سے گرانٹ سپورٹ حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق قرض دہندہ پہلے ہی پنجاب میں افرادی قوت کی تیاری کو بہتر بنانے کیلئے 100 ملین ڈالر اور سندھ ایجوکیشن سیکٹر امپروومنٹ پروجیکٹ کے لیے 75 ملین ڈالر کے قرضے فراہم کر چکا ہے۔

 

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top