مقبول خبریں
شاہین آفریدی کیساتھ نا انصافی ہونے کا انکشاف
کراچی: سابق کپتان معین خان نے فاسٹ بالر شاہین آفریدی کو ٹی20 کی کپتانی سے ہٹانے اور بابراعظم کو دوبارہ کپتانی سونپنے پر لب کشائی کردی۔
تفصیلات کے مطابق معین خان نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی کو محض ایک ٹی20 سیریز کی بنیاد پر کپتانی سے ہٹانا ‘غیر منصفانہ’ تھا، انہیں مزید وقت دینا چاہیے تھا، شاہین آفریدی ٹیم کی قیادت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، وہ مختصر ترین فامیٹ میں کپتانی کیلئے بہترین انتخاب تھے۔
معین خان کے مطابق ون ڈے کیلئے شاہین آفریدی کی جگہ بیشک کسی دوسرے کو کپتان بنایا جاسکتا تھا تاہم محض ایک سیریز کی بنیاد پر کپتانی سے ہٹانا ناانصافی ہے، پھر آپ اُن سے اچھی کارکردگی کی امید کیسے کرسکتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کیلئے ایک کپتان کا تقرر ہوسکتا ہے لیکن اس کیلئے اس کھلاڑی کا تینوں فارمیٹس میں کھیلنا اور پرفارم کرنا ضروری ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) جس کو بھی کپتان بنائے، اُسے وقت دے۔
واضح رہے کہ معین خان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ وکٹ کیپر محمد رضوان کو وائٹ بال فارمیٹ میں کپتانی کے فرائض سونپے جاسکتے ہیں۔