مقبول خبریں
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے امریکا میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: حکومت نے انسانی بنیاد پر امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے رحم کی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی جانب سے عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے دائر درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
توقع ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے اپنے آئندہ دورے کے دوران اس مسئلے کو اٹھائیں گے۔
مزید پڑھیں:امریکی جیل میں عافیہ صدیقی کی حالت کیسی ہے؟ فوزیہ کے ہوشربا انکشافات
عدالتی حکم میں انکشاف کیا گیا کہ پاکستان کے اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے اور یقین دلایا کہ حکومت کو انسانی بنیادوں پر رحم کی اپیل کی حمایت کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کے پاس ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی قانونی ٹیم کی جانب سے تیار کی گئی رحم کی اپیل کا ساتھ نہ دینے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
عدالت نے مزید کہا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے لیے علیحدہ معافی کی درخواست دائر کرے گی اور وزیراعظم کے دورہ اقوام متحدہ کے دوران امریکی حکام سے بھی اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق امریکا کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر پیش رفت ہو رہی ہے جس میں مزید پیش رفت کیلئے تین ہفتوں کی مہلت مانگی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس کی اگلی سماعت 18 اکتوبر 2024 کو مقرر کی ہے۔