مقبول خبریں
غیر قانونی طریقے سے پیٹرول کی فروخت؛ دکان کو اجازت نامہ کِس نے دیا
کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں گزشتہ روز غیرقانونی پیٹرول پمپ میں لگنے والی آگ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل نمبر 3 کے قریب دکان میں آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دکانوں کے اوپر رہائشی منزلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ نے بالائی منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور عمارت میں لگنے والی آگ سے بچنے کے لیے رہائشی عمارتوں میں میں رہائش پذیر لوگ چھت پر پہنچ گئے۔ فائر بریگیڈ کی 5گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا اورانتہائی کوششوں کے بعد وہ آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو گئے۔
سندھ ریسکیو 1122 کے اہلکار حسن خان نے ڈان کو بتایا کہ عمارت سے ایک 55سالہ شخص لاش نکالی گئی ہے جو عمارت کی سیڑھیوں سے برآمد ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں سمیت 15 کے قریب رہائشی عمارت کی چھت پر چڑھ گئے ہیں اور سبھی کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔
حسان خان نے کہا کہ آگ گراؤنڈ فلور پر موجود ’غیر قانونی پیٹرول کی دکان‘ میں لگی جہاں سے موٹر سائیکلوں کو پیٹرول فروخت کیا جا رہا تھا، آگ لگنے کے بعد اچانک پھیل گئی اور اس نے پوری تین منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو اہلکار نے ڈان کو بتایا کہ آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کی جا رہی ہے تاہم عینی شاہدین کے مطابق پیٹرول بھرانے کے لیے موجود موٹر سائیکل کے انجن میں آگ لگنے سے آگ بھڑک اٹھی تھی۔
دوسری جانب ایس ایس پی کورنگی توحید رحمٰن میمن جنہوں نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ آگ اس وقت لگی جب کسی نے پیٹرول کی دکان پر سگریٹ پھینکا۔
توحید رحمٰن میمن نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں پولیس نے تقریباً دو ماہ قبل غیر قانونی طور پر پیٹرول فروخت کرنے والی دکان کے خلاف کارروائی کی تھی تاہم پیٹرول بیچنے والے دکاندار نے عدالت سے حکم امتناع حاصل کر لیا تھا۔
دوسری جانب جی ٹی وی نیوز کے مطابق رہائشی عمارت کی دکانوں میں سنگل پیٹرول نوزل لگانے کی اجازت ڈپٹی کمشنر کورنگی نے دی تھی۔ اجازت نامے کے مطابق ڈپٹی کمشنر کورنگی نے یہ اجازت 30 جولائی 2024 کو ایک لیٹر کے ذریعے دی۔
ڈپٹی کمشنر کورنگی کے لیٹر میں پیٹرول نوزل لگانے کے حوالے سے قواعد و ضوابط کا بھی ذکر ہے۔ لیٹر کے مطابق اگر کوئی نقصان ہوا تو اس کے زمہ دار درخواست گزار مالک ہوگا۔