مقبول خبریں
پی ٹی آئی جلسہ؛ خلاف ورزی پر انتظامیہ کی کارروائی، علاقہ میدانِ جنگ بن گیا
ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد کی جانب سے خلاف ورزی پر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کا طے شدہ وقت سے زائد وقت تک جلسہ جاری ہے۔
جی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد نے این او سی کی خلاف ورزی کرنے پر جاری نوٹیفکیشن میں این او سی کی خلاف ورزی پر انتظامیہ اور پولیس افسران کو کارروائی کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
اسلام آباد انتظامیہ نے شام 7 بجے جلسہ ختم کرنے کے احکامات جاری کیے تھے تاہم مقررہ وقت سے زائد جلسہ کرنے پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شرکاء کو منشر کرنے کیلئے ہوائی فارئرنگ اور شیلنگ شروع کردی ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کی ریلی کے مقام سے دستی بم، راکٹ لانچر اور ڈیٹونیٹر برآمد
پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے کارروائی عمل پر لائے جانے کے نیتجے پر کارکنان نے پتھراؤ شروع کردیا ہے جس سے علاقہ میدانِ جنگ کا منظر پیش کررہا ہے۔
قبل ازیں اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے باعث کنٹینرز لگا کر جی ٹی روڈ دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا تھا۔ پی ٹی آئی آج اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں جلسہ کررہی ہے، پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ ریلی کا آغاز ہوچکا ہے اور ان کے اتحادی بھی جلسے میں شرکت کریں گے۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ضلع بھر میں سیکیورٹی کو ریڈ الرٹ کردیا گیا تھا۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد میں ریڈ زون کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو کنٹینرز کی مدد سے بند کردیا گیا تھا۔
ریلی سے قبل جی ٹی روڈ کو سنگجانی پر کنٹینر لگا کر دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا جبکہ اسلام آباد کے داخلی راستوں کو موٹروے نمبر 26 چونگی پر بند کردیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ کھنہ برج ایکسپریس وے پر کنٹینرز رکھے گئے ہیں جبکہ فیض آباد میں مری روڈ کو بند کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب روات ٹی چوک سے راولپنڈی آنے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا جبکہ فیض آباد انٹرچینج کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا اور راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والے متعدد راستوں کو بند کردیا گیا۔
حکام کی جانب سے میٹرو بس سروس بھی مکمل طور پر بند کردی گئی ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ کی ہدایت پر امن عامہ برقرار رکھنے کے لیے ضلع بھر میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔