مقبول خبریں
حکام کی ٹریفک پولیس کو رمضان میں چالان نہ کرنے کی ہدایت
کراچی شہر کی ٹریفک پولیس کے سربراہ نے اپنے محکمے کو شام 5 بجے کے بعد افطار تک شہریوں کے چالان نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اپنے پہلے خطاب میں ڈی آئی جی احمد نواز چیمہ نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کے ساتھ اچھا رویہ اختیار کریں۔
انہوں نے ٹریفک افسران کو شام 5 بجے سے افطار تک مسافروں کو چالان جاری کرنے سے بھی منع کیا۔ چیمہ نے ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی بلا تعطل برقرار رکھی جائے تاکہ روزے دار افطار سے قبل باآسانی اپنے گھروں تک پہنچ سکیں۔
ڈی آئی جی نے حکام کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان کے بجائے اہل خانہ کے ہمراہ سفر کرنے والے شہریوں کو خبردار کیا جائے۔ تاہم انہوں نے ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی تجویز دی۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے مزید کہا کہ ون وے کی خلاف ورزی نہ صرف حادثات کا باعث بنتی ہے بلکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوتی ہے۔
ڈی آئی جی نے متنبہ کیا کہ اگر ٹریفک پولیس افسران کسی کے ساتھ بدسلوکی یا جھگڑے کے مرتکب پائے گئے تو ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ چالان افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ باڈی کیمرہ پہنے بغیر چالان نہ کریں۔
ڈی آئی جی نے افسران کو ہدایت کی کہ شارع فیصل پر فاسٹ لین کی تعمیل کو یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب کراچی کے شہریوں نے ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے
دریں اثنا ڈی ایس پی بہادر آباد سیکشن غلام نبی نے جی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی جی کی ہدایت پر انہوں نے اپنے تمام افسران کو شام 5 بجے سے افطار تک چالان جاری نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈی ایس پی نے کہا کہ میں نے اپنے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ شہریوں سے بات کرتے وقت شائستگی کا مظاہرہ کریں چاہے انہوں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی ہو۔
غلام نبی نے مزید کہا کہ واضح ہدایات بھی جاری کی ہیں کہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ سفر کرنے والے ڈرائیور کا چالان نہ کیا جائے بلکہ اسے خبردار کیا جائے کہ وہ دوبارہ خلاف ورزی نہ کرے۔