مقبول خبریں
اذان دینے والا روبوٹ جلد متعارف کرائے جانے کا امکان
دبئی میں ایک خودمختار روبوٹ متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جو اذان دینے اور اور رمضان کے دوران روزے کے اوقات کا اعلان کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔
روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے عہدیدار حماد الفیفی نے بتایا کہ فی الحال آر ٹی اے روونگ روبوٹ کو غلطی کرنے والے ای اسکوٹر اور سائیکل صارفین کی نگرانی کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سے چلنے والا یہ روبوٹ پانچ فٹ لمبا ہے اور اس میں اسپیکر اور ٹچ اسکرین مانیٹر ہے جسے اہم اعلانات کرنے کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
حماد الفیفی کا کہنا تھا کہ روبوٹ ایک ماہ کے آزمائشی مرحلے کے دوران مصروف سیاحتی علاقے جمیرہ کائیٹ بیچ کے ساتھ تقریبا 600 میٹر کے علاقے میں صفائی بھی کرے گا۔
روبوٹ خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرنے کے لئے اعداد و شمار جمع کرے گا جس میں حفاظتی پروٹوکول پر عمل کرنے میں ناکامی جیسے ہیلمٹ نہ پہننا اور غیر مجاز علاقوں میں پارکنگ کرنا یا ای اسکوٹر پر متعدد سوار ہونا شامل ہے۔
تاہم نماز کی دعوت دینا یا لوگوں کو خراب موسم کے دوران ساحل سے دور رہنے کی یاد دلانے جیسے اہم عوامی اعلانات کرنے کے لئے بھی اس روبوٹ کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔
مشین مختلف موسمی حالات کے تحت موثر طریقے سے کام کرنے کے لئے ڈیزائن کی گئی ہے، یہ روبوٹ ہفتے کے ساتوں روز کام کرنے کا اہل ہے۔
ہفتے کے دنوں میں یہ سہ پہر 3 بجے سے رات 11 بجے تک جبکہ ہفتے کے دنوں میں شام 5 بجے سے صبح 1 بجے تک کام کرتا ہے، اس مشین میں نائٹ ویژن کے ساتھ 4 کیمرے ہیں۔
ٹرمنس گروپ کے سیلز ڈائریکٹر نے کہا کہ آر ٹی اے روونگ روبوٹ ایکسپو 2020 کے دوران تعینات کیے گئے روبوٹ سے مماثلت رکھتا ہے جس نے ایکسپو کے زائرین کے ساتھ بات چیت کی تھی۔