منگل، 11-فروری،2025
منگل 1446/08/12هـ (11-02-2025م)

محمد بن سلمان منظرعام سے غائب؟ سعودی اخبار نے ٹوئٹر پر تصویر جاری کردی

18 مئی, 2018 08:08

ریاض: گزشتہ کئی روز سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے منظرِعام سے غائب ہونے کی افواہیں گردش کر رہی تھیں، ابھی یہ افواہیں تھمی نہیں تھیں کہ ایک سعودی اخبار نے ٹوئٹر پر محمد بن سلمان کی ایک تصویر شائع کردی۔

سعودی اخبار ‘الریاض’ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ ال خلیفہ، امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید اور مصری صدر عبد الفتاح السیسی کی ایک تصویر شائع کی ہے۔

تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ یہ تصویر تازہ ترین ہے یا نہیں اور نہ ہی اس حوالے سے کچھ بتایا گیا ہے کہ یہ تصویر کب اور کہاں لی گئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بعض ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ رواں برس اپریل میں دارالحکومت ریاض میں سعودی شاہی محل کے باہر مبینہ فائرنگ کے بعد سے سعودی ولی عہد منظرِعام سے غائب ہوچکے ہیں اور کسی خفیہ مقام پر منتقل ہوچکے ہیں۔
21 اپریل کو متعدد میڈیا ایجنسیوں نے یہ رپورٹ دی تھی کہ ریاض میں واقع شاہی محل سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دی تھیں، تاہم اس موقع پر سعودی حکام نے مؤقف اپنایا تھا کہ ایک ڈرون مبینہ طور پر شاہی محل کے بہت زیادہ قریب آگیا تھا جس پر شاہی محل کے گارڈز نے اس پر فائرنگ کی تھی۔
دوسری جانب سعودی عرب کے مقامی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ فائرنگ کے دوران شہزادہ محمد بن سلمان کو شاہی محل سے قریب فوجی اڈے منتقل کردیا گیا تھا جبکہ سعودی تجزیہ کار علی الاحمد کے مطابق محمد بن سلمان کو شاہ خالد بیس لے جایا گیا تھا۔
بعدازاں روسی نشریاتی ادارے ‘اسپتنک’ کی ایک رپورٹ نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کچھ عرصے سے منظر عام سے غائب ہیں اور اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ گزشتہ ماہ سعودی عرب کے شاہی محل میں پیش آنے والے مبینہ فائرنگ کے واقعے کے بعد ان کی صحت ٹھیک نہیں۔
دوسری جانب ایران کے اخبار ’روزنامہ کیھان‘ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے ایک خفیہ رپورٹ نامعلوم عرب ملک کو بھجوائی گئی ہے جس کے مطابق 21 اپریل کو ریاض کے شاہی محل پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں محمد بن سلمان مبینہ طور پر زخمی ہوئے اور اس کے بعد سے وہ کسی عوامی مقام پر نظر نہیں آئے۔
ایک اور ایرانی نشریاتی ادارے نے لکھا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد سے سعودی حکام کی جانب سے محمد بن سلمان کی کوئی تصویر یا ویڈیو جاری نہیں کی گئی اور جب اپریل کے آخر میں امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو اپنے پہلے دورے پر ریاض پہنچے تھے تو اس موقع پر بھی محمد بن سلمان کہیں دکھائی نہیں دئے تھے۔

Leave a Comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Scroll to Top