مقبول خبریں
باکسرعامر خان اہلیہ فریال مخدوم کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے
لاہور: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اپنی اہلیہ فریال مخدوم کے ساتھ لاہور پہنچ گئے جہاں وہ باکسنگ چیمپئن شپ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
باکسر عامر خان باکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے اپنی اہلیہ کے ہمراہ براستہ دبئی فلائٹ ای کے 622 کے ذریعے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پہنچے۔ جہاں پنجاب اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر انیس شیخ نے ان کا استقبال کیا۔
عامر خان کو پنجاب باکسنگ چیمپیئن شپ میں شرکت کیلئے بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا ہے۔ جس کی اختتامی تقریب آج رات نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس جمنیزیم ہال میں منعقد کی جائے گی۔ اپنے دورے کے دوران عامر خان چیمپیئن شپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ کے مقابلے دیکھیں گے جب کہ اس دوران وہ اپنی اکیڈمی کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ بھی کریں گے۔
پنجاب باکسنگ چیمپیئن شپ کا 4 روزہ میلہ 12 مئی سے 15 مئی تک لاہور میں سجایا گیا، عامر خان چیمپیئن شپ میں پاکستانی باکسرز سے مل کر ان کا حوصلہ بھی بڑھائیں گے جب کہ اپنے ٹیلنٹ ہنٹ کے ساتھ سپر باکسنگ لیگ کیلئے بھی مذاکرات کریں گے۔
عامر خان نے لاہور آمد سے قبل دوران پرواز اپنی اور اہلیہ کی جہاز میں لی گئی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے لاہور آمد کی اطلاع دی۔