مقبول خبریں
کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کرنےوالے پاکستانی فنکار
کراچی: اداکارہ ماہرہ خان کی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کانز میں شرکت بلاشبہ پاکستان کیلئے باعث فخر ہے تاہم اس بات سےبہت کم لوگ واقف ہیں کہ ماہرہ خان سے قبل پاکستانی فنکار عدنان صدیقی اور ارمینا خان بھی عالمی فلمی میلے میں شرکت کرچکے ہیں۔
گزشتہ روز ماہرہ خان 71 ویں کانز فلم فیسٹیول میں ریڈ کارپٹ پر سیاہ رنگ کے گاؤن میں نہایت خوبصورت اور دلکش نظر آئیں۔ ماہرہ خان کی کانز میں شرکت کی خبر نے جہاں پاکستانی میڈیا میں طوفان برپا کردیا تھاوہیں ماہرہ خان بھارتی میڈیا کی توجہ حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہیں۔
گزشتہ کئی روز سےمیڈیا میں ماہرہ خان کے کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کے چرچےجاری ہیں۔ ان کے متعلق کہا جارہا ہے کہ ماہرہ خان کانز فیسٹیول میں شرکت کرنے والی پہلی پاکستانی اداکارہ ہیں، تاہم یہ درست نہیں۔ ماہرہ خان پہلی پاکستانی اداکارہ نہیں ہیں جنہوں نے کانز میں شرکت کی بلکہ ان سے قبل پاکستان کے دو مایہ ناز اور باصلاحیت فنکار عدنان صدیقی اور ارمینا خان بھی کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کرچکے ہیں تاہم انہیں ماہرہ جتنی پزیرائی حاصل نہ ہوسکی۔
نامور پاکستانی اداکار عدنان صدیقی وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کی۔ عدنان صدیقی نے آج سے 10 برس قبل 2008 میں ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کے ساتھ فلم’اے مائٹی ہارٹ‘کی تشہیر کے سلسلے میں شرکت کی تھی۔ اس موقع پر بھارتی اداکار عرفان خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ جس وقت میں نے کانز میں شرکت کی اس وقت میڈیا آج کی طرح اتنا زیادہ فعال نہیں تھا، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ بھول جائیں۔
عدان صدیقی کے بعد اداکارہ ارمینا خان نے2013 میں مختصر فلم ’ ورتھ‘ کی تشہیر کے سلسلے میں کانز میں شرکت کی تھی۔ گزشتہ چند روز سے میڈیا میں یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ ماہرہ خان کانز میں شرکت کرنے والی پہلی پاکستانی اداکارہ ہیں۔ ان خبروں کے ردعمل پر ارمینا خان نے انسٹاگرام پر اپنی کانز میں شرکت کے دوران لی گئی تصاویر شیئر کیں اور آگاہ کیا کہ ماہرہ سے پہلے وہ کانز میں شرکت کرچکی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ارمیناخان ایک بار نہیں دوبار کانز میں شرکت چکی ہیں۔ 2014 میں اپنی ایک اورمختصر فلم کی تشہیر کے دوران ارمینا نے کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کی تھی۔
ارمینا خان کا کہنا تھا کہ میں نے کسی برانڈ کی تشہیر کیلئے نہیں بلکہ اپنی مختصر فلم کی تشہیر کیلئے کانز میں شرکت کی تھی۔