مقبول خبریں
ایران سے زائرین کو لے جانے والی بس کو حادثہ، 12 افراد جاں بحق
ایران سے آنے والے زائرین کو لے جانے والی بس مکران میں حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
جی ٹی وی نیوز کے مطابق مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب زائرین کی بس بریک فیل ہونے کی وجہ سے کھائی میں جا گری۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 12 افراد شہید اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایران سے آنے والی بس زائرین کو لے کر پنجاب جارہی تھی اور زخمیوں اور جاں بحق افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ زائرین کا تعلق لاہور اور گوجرانوالہ سے ہے۔
مزید پڑھیں:ایران بس حادثے کے 28 پاکستانی زائرین کی میتیں وطن پہنچادی گئیں
یاد رہے کہ چند روز قبل ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 35 افراد شہید اور 15 زخمی ہوئے تھے۔
دریں اثنا ایران جانے والے زائرین کے لیے ٹور آپریٹرز کی جانب سے سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر گوادر اورنگزیب بادینی نے ٹور آپریٹرز کی بے ضابطگیوں پر ایکشن لیتے ہوئے بوگس بسوں اور ڈرائیورز کے گوادر میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔