مقبول خبریں
دہری شہریت چھپانے والے سرکاری افسروں کیخلاف کارروائی ہوگی
اسلام آباد : چیف جسٹس نے دہری شہریت چھپانے والے سرکاری افسروں کے خلاف کارروائی کی وارننگ دے دی اور کہا کئی حساس دفاتر میں بھی دہری شہریت کے حامل افسر ہیں،اسپیس ٹیکنالوجی میں بھی غیر ملکی کو کام کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالتی بینچ نے ججز اور سرکاری افسران کی دہری شہریت سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ کئی افسروں نے تاحال دہری شہریت چھپائی ہوئی ہے، شہریت چھپانے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔
چیئرمین نادرا نے بتایا ایک ہزار ایک سو سولہ افسر غیر ملکی یا دہری شہریت رکھتے ہیں جبکہ ایک ہزار دو سو اننچاس افسروں کی بیگمات غیر ملکی یا دہری شہریت کی حامل ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا بہت سے ایسے قوانین ہیں، جو آئین کی رو کے برخلاف ہیں، بدقسمتی سے ہم نے ان قوانین کو نہیں دیکھا۔
عدالتی معاون نے کہا برطانیہ میں ایسا نہیں ہوگا کہ وہاں کا وزیراعظم کہیں اور نوکری کر رہا ہو، بدقسمتی سے پاکستان میں ہم نے یہ سب بھی دیکھا۔
چیف جسٹس نے کہا قوانین کو بنانا اور اپڈیٹ کرنا ہماراکام نہیں اور وفاقی سیکرٹری داخلہ سے دوہری شہریت کے معاملے پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔